نئی دہلی، 27/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس، جو ای وی ایم کے خلاف مسلسل اپنی آواز بلند کرتی رہی ہے، نے اب بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کے حق میں مضبوط مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا اعلان پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے ’سنویدھان رکشک ابھیان‘ (تحفظ آئین مہم) کے دوران کیا۔ اپنی تقریر میں کھڑگے نے زور دے کر کہا کہ انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے ہی ہونے چاہئیں، اور اس مقصد کے لیے کانگریس بھارت جوڑو یاترا کی طرز پر ملک گیر مہم کا آغاز کرے گی۔
اپنے خطاب میں کانگریس صدر کھرگے نے کہا کہ ’’میں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ پوری طاقت لگا کر او بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور کمزور طبقات کے لوگ جو ووٹ دے رہے ہیں، وہ فضول جا رہا ہے۔ ہمارا کہنا ہے کہ سب چھوڑ کر اب بیلٹ پیپر سے انتخاب کرانا چاہیے۔ ای وی ایم مودی-شاہ اپنے گھر میں رکھیں یا گجرات کے گودام میں رکھ دیں۔ ہمارا بس ایک ہی مطالبہ ہے کہ بیلٹ پیپر سے انتخاب کرایا جائے۔ اگر ایسا ہو جائے تو ان لوگوں (بی جے پی والوں) کو پتہ چل جائے گا کہ وہ کہاں کھڑے ہیں۔‘‘
اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ’’میرا کہنا ہے ہماری پارٹی کو ایک مہم شروع کرنی چاہیے اور سبھی پارٹیوں کو بھی اس میں ساتھ لینا چاہیے۔ ہم راہل گاندھی جی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی طرح پورے ملک میں مہم چلائیں گے۔‘‘ اس دوران کانگریس صدر نے ذات پر مبنی مردم شماری کا ایشو بھی اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی ذات پر مبنی مردم شماری سے ڈرتے ہیں، لیکن انھیں یہ سمجھ لینا چاہیے کہ سماج کا ہر طبقہ اپنی حصہ داری چاہتا ہے اور اس کا مطالبہ کر رہا ہے۔